اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے سسٹمز ایپلیکیشنز اینڈ پروڈکٹس (ایس اے پی)نظام کے نفاذ کے منصوبے کے لیے ای وائی فورڈ رہوڈز چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے۔ ایئرپورٹس اتھارٹی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ)سمیر سعید نے کی جو ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔
تقریب میں ای وائی کے کنٹری مینیجنگ پارٹنر عاصم صدیقی، ایس اے پی کے کنٹری مینیجر شموئیل علی، لائسنس پارٹنر ایکسیلنس ڈیلیورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واصل امجد، ای وائی اور ایس اے پی کے نمائندگان سمیت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔منصوبے کے تحت ایس اے پی انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) کا ایک مربوط نظام نافذ کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ادارہ جاتی امور اور انتظامی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اس اقدام سے ادارے کی انتظامی و عملی کارکردگی، شفافیت اور گورننس میں بہتری کے ساتھ معلومات کے مربوط انتظام اور ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



