اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے1 کروڑ 16 لاکھ مالیت کی 69.08 کلوگرام منشیات برآمد کرکےخاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران انٹیلی جنس اطلاع پر کراچی میں واقع نجی کوریئر آفس میں آسٹریلیا جانیوالے پارسل سے آئس برآمد کرلی،آئس کو مہارت سے انگریزی حروف کے پلاسٹک مولڈ میں چھپایا گیا تھا۔
اس پارسل کا مجموعی وزن 10 کلوگرام تھا۔چارسدہ روڈ پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں گاڑی سے 39.6 کلوگرام افیون برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ منشیات گاڑی کےدروازوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھیں۔ ڈسکہ موٹروے سیالکوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم اور ملزمہ سے 9.6 کلوگرام افیون، 1.24 کلوگرام ہیروئن، 840 گرام آئس برآمد کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
موٹروے ٹول پلازہ راولپنڈی پر گاڑی سے 4.8 کلوگرام چرس، 3 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ منشیات کو مہارت سے گاڑی کے دروازوں میں چھپایا گیا تھا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



