اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعہ کو اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مکہ دفاعی اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس میں ریاض میں قائم اتحاد کے سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فعال بنانے کے امور بھی شامل تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں برادر ملک سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔تینوں ممالک نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اتحاد کی مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا اعادہ کیا اور خطرات کی روک تھام اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں تینوں ممالک نے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے حصول کے لیے سفارتی اور عسکری سطح پر قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



