استور۔ 27 نومبر (اے پی پی):ستور (اے پی پی) رکن گلگت بلتستان اسمبلی و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے واٹر اینڈ پاور رانا فاروق نے کہا ہے کہ ضلع استور میں بجلی کے دیرینہ بحران کے خاتمے اور عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں 1978ء سے قائم فرسودہ بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں کو تبدیل کرنے کے لیے 60 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی، جس سے بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری آئے گی اور عوام کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی ہوگی۔وہ چیف انجینئر محکمہ برقیات دیامر استور ڈویژن شیر عباس کے ہمراہ ضلع استور میں بجلی کے مسائل، جاری پن بجلی منصوبوں اور مستقبل کے توانائی منصوبوں کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
رانا فاروق نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں ضلع استور کو بجلی کے شعبے میں خودکفیل بنانا شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاری اور مجوزہ پن بجلی منصوبوں کی تکمیل، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور جدید ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب کے ذریعے استور کو توانائی کے حوالے سے ایک خودکفیل ضلع بنایا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


