ایبٹ آباد۔ 28 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے، طلبہ کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تخلیقی سوچ، خود اعتمادی، حوصلے اور ثابت قدمی سے آراستہ ہونا ہو گا۔ وہ ہفتہ کو یہاں ایک نجی سکول کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2026ء میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ 2050ء سے 2070ء اور اس کے بعد کی دنیا کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، بائیو ٹیکنالوجی اور نینو ٹیکنالوجی سمیت جدید سائنسی ترقی انسانی زندگی کے ہر شعبہ کو تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو ایسے مستقبل کیلئے تیار کریں جس کے بارے میں نہ ان کے اساتذہ کو مکمل آگاہی ہے اور نہ ہی والدین کو۔ مصدق ملک نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف امتحانات میں کامیابی اور ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ طلبہ میں سوچنے، سمجھنے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کو مستقبل کے غیر یقینی حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی طور پر مضبوط اور باصلاحیت بنا رہے ہیں، سائنسی اور تکنیکی علوم کے ساتھ ساتھ طلبہ میں اخلاقی اقدار، احساس، ہمدردی اور ضمیر کی آواز پر چلنے کا حوصلہ بھی پیدا کرنا ضروری ہے۔
علامہ محمد اقبال کے کلام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسان کو زندگی کے معاملات میں دل کی نگاہ سے بھی دیکھنا چاہئے کیونکہ اعلیٰ کردار، مضبوط اقدار اور قربانی کا جذبہ ہی انسان کو دوسروں سے ممتاز بناتا ہے۔ وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ذاتی مفادات اور مادی کامیابیوں کو زندگی کا واحد مقصد نہ بنائیں بلکہ اپنے اصولوں پر قائم رہنے اور مشکل حالات میں درست فیصلے کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔
طلبہ کو تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خوابوں کو زندہ رکھیں، خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں اور بلند حوصلہ کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے مسلسل جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلبہ ہی کل اپنے خاندان، معاشرے اور ملک کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اس لئے انہیں اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے مستقبل کی تعمیر میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



