اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبے کے مجموعی طور پر 44 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت فیض آباد تا گلبرگ تک تقریباً 8.5 کلومیٹر طویل تین رویہ دو طرفہ کیرج روڈ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبے کو اپنےہدف کے اندر مکمل کرنے کیلئے روڈ کے مختلف سیکشنز پر بیک وقت تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں۔
ان تعمیراتی کاموں میں روڈ کے ایمبنکمنٹ، سب گریڈ، سب بیس اور سب بیس (ٹاپ) سمیت کھدائی کے کام شامل ہیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ (ایسٹ) منصوبے میں شامل انڈر پاس کی تمام 153 پائلز اورسلیب ورک بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔جبکہ ریمپ اے اور ریمپ بی ریٹنیگ والز پر بھی تیزی کیساتھ کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں، پلوں اور نکاسی آب کیلئے آٹھ مختلف کلورٹس پر کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایت پرمنصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے سروس روڈ (ایسٹ) کے اطراف غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کیخلاف انفورسمنٹ آپریشن بھی جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کیساتھ بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سروس روڈ (ایسٹ) کی تکمیل سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئیگی اور اس منصوبے سے جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہونگی۔ یہ منصوبہ شہریوں کے وقت اور ایندھن کی بچت میں مددگار بھی ثابت ہوگا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



