اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):پاکستان سائبر سیکیورٹی چیلنج و پاک کرپٹ انٹرنیشنل سمپوزیم آن سائبر سیکیورٹی (پی سی سی 2026) کا پانچواں ایڈیشن ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق نیشنل سینٹر فار سائبر سیکیورٹی (این سی سی ایس) اور نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی (این سی ایس اے) کے زیرِ اہتمام چار روزہ ایونٹ میں حکومت، صنعت اور تعلیمی شعبے کے نمائندے شریک ہوئے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار ہاشم خان تھے۔مہمانِ خصوصی نے خطاب میں کہا کہ قومی اداروں کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں ہنرمند افرادی قوت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی جیسے مقابلے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، باہمی تعاون اور حقیقی سائبر چیلنجز سے مشابہ ماحول میں مقابلے کا پلیٹ فارم فراہم کر کے جدت کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے تمام شرکاء اور فاتحین کو مبارکباد دی۔
وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر مارشل (ر) عبدالمعید خان، ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ جامعہ اعلیٰ تربیت یافتہ سائبر سیکیورٹی ماہرین تیار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے شریک منتظمین، اسپانسرز اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا، جن میں گولڈ اسپانسرز نادرا اور فورٹینیٹ، اسٹریٹجک پارٹنرز پی کے سرٹ، ایچ ای سی، این سی ایس اے اور او ٹی ایسوسی ایٹس، ٹیکنالوجی پارٹنر رسک ایسوسی ایٹس اور ٹیکنیکل پارٹنر دی آرزنز شامل ہیں۔ڈائریکٹر این سی سی ایس ڈاکٹر غالب اسد اللہ شاہ نے کہا کہ پی سی سی 2026 نے طلبہ اور پیشہ ور افراد کو مختلف چیلنجز میں حصہ لینے اور اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع دیا۔
ڈین این سی ایس اے ڈاکٹر زنیرہ جلیل نے کہا کہ یہ ایونٹ باصلاحیت سائبر سیکیورٹی ماہرین کی ایک ایسی کھیپ تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا جو قومی سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ایونٹ میں سرکاری افسران، ریگولیٹرز، صنعتی رہنماؤں، کنسلٹنٹس، ماہرینِ تعلیم اور سرکاری و نجی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 14 غیر ملکی پروفیسرز اور ماہرین نے پاکستان کا دورہ کر کے سائبر سیکیورٹی، کرپٹوگرافی اور کوانٹم ٹیکنالوجیز پر کلیدی خطابات، سیشنز اور ورکشاپس منعقد کیں۔ پروگرام میں سائبر سیکیورٹی انڈسٹری ایکسپو، ڈیجیٹل شناخت اور بایومیٹرکس پر نادرا ڈے، ویمن اِن سائبر سیشن، این سی ایس اے کی عملی ورکشاپس اور پاکستان او ٹی سیکیورٹی سمٹ بھی شامل تھے۔پی سی سی 2026 کے تین قومی مقابلوں میں ملک بھر سے بھرپور شرکت ہوئی۔
نیشنل سائبر ڈیفنس چیمپئن شپ (NCDC) کے لیے 289 ٹیموں نے رجسٹریشن کروائی، جس کے علاقائی مقابلے مختلف شہروں میں ہوئے اور قومی فائنل ایئر یونیورسٹی میں کھیلا گیا۔ سائبر انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ چیلنج (CISC) میں 125 آئیڈیاز جمع کروائے گئے، جبکہ پاک کرپٹ نیشنل کرپٹوگرافی چیلنج میں 1,745 شرکاء نے حصہ لیا۔ٹیکنیکل پارٹنر دی آرزنز کے تعاون سے منعقدہ NCDC کا قومی فائنل ٹیم Entr0py نے جیت کر 3 لاکھ روپے کا پہلا انعام حاصل کیا۔
پاک کرپٹ چیلنج کے پروفیشنل زمرے میں غلام رسول نے 3 لاکھ روپے اور امیچر زمرے میں شہزادی عالیہ علی نے 2 لاکھ 50 ہزار روپے کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ CISC میں Foxy Audit اور KUNJI نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی اور دونوں کو 2، 2 لاکھ روپے دیئے گئے۔شرکاء نے ایئر یونیورسٹی اسلام آباد میں این سی سی ایس اور این سی ایس اے کے اقدامات کو سراہا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



