لاس اینجلس۔27نومبر (اے پی پی):امریکی میرین کور کے ایک سابق اہلکار نے فوجی تنصیبات سے لاکھوں گولیاں، راکٹ لانچرز اور متعدد میزائل سسٹم چوری کرکے منافع کے لیے فروخت کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔
شنہوا کے مطابق سابق میرین کارپورل اینڈریو پال اماریلاس نے 2022ء سے 2025ء کے دوران کیمپ پینڈلٹن کے اسکول آف انفنٹری ویسٹ سے بڑی مقدار میں امریکی فوجی گولہ بارود اور ہتھیار چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔لاس اینجلس ٹائمز نے 20 نومبر کو طے پانے والے عدالتی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی عمر 20 سال سے زائد ہے اور وہ گولہ بارود کی تکنیکی دیکھ بھال کے شعبے میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
وہ فروری 2022ء سے جنوری 2026ء تک کیلیفورنیا کی سان ڈیاگو کاؤنٹی میں واقع کیمپ پینڈلٹن میں تعینات رہا۔عدالتی معاہدے کے مطابق اماریلاس نے 10 لاکھ سے 20 لاکھ تک گولیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ اس کے علاوہ اس نے متعدد راکٹ لانچرز اور کئی جیولین میزائل سسٹم بھی چوری کرنے کا اقرار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزم نے چوری شدہ فوجی سامان کی منتقلی اور سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے لیے کم از کم تین دیگر میرین اہلکاروں کو بھی اپنے ساتھ شامل کیا۔ اس مقصد کے لیے وہ متعدد مرتبہ چوری شدہ سامان کیلیفورنیا سے ایریزونا میں واقع اپنے گھر منتقل کرتا رہا۔
جیولین میزائل سسٹم قابلِ نقل اینٹی ٹینک ہتھیار ہیں، جنہیں فوجی اہداف کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ملزم کو اس جرم میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ اسے چوری شدہ سامان کے عوض لاکھوں ڈالر کے ہرجانے کی ادائیگی بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



