لاہور۔26نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے آم کے باغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق آم کی فصل کو سردی کے نقصانات سے بچانے کیلئے باغبان پانی کا چھڑکائو کریں جو زمین کی نمی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے تاہم اگر زمین میں وتر موجود ہو تو آبپاشی کی ضرورت نہیں ہے،آم کے چھوٹے پودوں کو شیشم کے چھاپوں یا پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ کر بھی سردی کے اثرات سے بچایا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں آم کے درختوں کے نیچے دھواں کرنے سے سردی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے،باغات میں درختوں کی چھتری کے نیچے 80 سے 100 کلو گرام نامیاتی مواد، مثلا گلا سڑاگوبر بکھیریں،آم کے درختوں پر قبل از وقت یعنی موسم سرما میں نکلنے والے بور کو روکنے کیلئے آبپاشی کا روکنا ضروری ہے۔ت
رجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ اگر پھل توڑنے کے فورا بعد فاسفورس اور پوٹاش کی کھاد کا استعمال نہیں کیا گیا تو دسمبر کے مہینہ میں گلی سڑی گوبر کے ساتھ ملا کر استعمال کر لیں۔پودوں کو ٹھنڈی ہوائوں سے بچانے کے لیے چاروں اطراف حفاظتی شیلڈ لگانا ضروری ہے تاکہ درختوں کی جڑیں محفوظ رہیں۔ کورے کے نقصان سے بچنے کیلئے درختوں کے تنوں پر بورڈیکس مکسچرپیسٹ کا استعمال کریں یا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب جراثیم کش زہر کا پیسٹ لگائیں۔باغبان آم کے تیلے کے تدارک کیلئے درختوں کے موٹے ٹہنوں پر مناسب کیڑے مارزہر کا سپرے کریں تاکہ درختوں کی چھال میں چھپے آم کے تیلے کا خاتمہ ہو سکے۔
اس کے علاوہ آم کی گدھیڑی کو پودوں پر چڑھنے سے روکنے کیلئے تنوں پر پھسلن والے پھندے(پلاسٹک شیٹ) لگانے کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں تاکہ گدھیڑی کے نقصانات سے بچا جا سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



