اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سیاحت، کھیل، صحت، تجارت، افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں کے آغاز سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شہری سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہ راست فضائی رابطے سے مالدیپ میں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکار اور دیگر نامور شخصیات (سلیبریٹیز) مالدیپ جائیں گی۔ مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے کہا کہ پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو بھرپور فروغ ملے گا۔کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ سٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ پراجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی جس سے مالدیپ کے نوجوانوں کو تربیت کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر اور صفائی کے نظام کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور قدرتی مناظر دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ شہر حقیقی معنوں میں ’ٹورازم کیپٹل سٹی‘ بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالدیپ کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور ہم پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت کا خیرمقدم کریں گے جبکہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء کی درآمد کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مالدیپ کے اپنے ہم منصب کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ ہم مالدیپ کے وزیر داخلہ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ ملاقات میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور چیف کمشنر اسلام آباد بھی موجود تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



