شین ژ و۔25نومبر (اے پی پی):چین نے شین ژو-24 انسان بردار خلائی جہاز کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا، جس کے ذریعے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی سٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔چائنا مینڈ اسپیس انجینئرنگ آفس کے مطابق بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ پر لانگ مارچ-2 ایف یاؤ-24 کیریئر راکٹ چین کے جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا۔ تقریباً 10 منٹ بعد شین ژو-24 خلائی جہاز کامیابی سے راکٹ سے الگ ہو کر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔
حکام نے مشن کی لانچنگ کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیا ہے۔تین رکنی خلائی عملے میں چین کے خلاباز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔ مشن میں تانگ ہونگ بو کمانڈر، وو یی فلائٹ انجینئر جبکہ ذیشان علی پے لوڈ اسپیشلسٹ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔خلائی جہاز طے شدہ پروگرام کے مطابق چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ کے ساتھ خودکار ڈاکنگ کرے گا، جس کے بعد خلاباز اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی تقریباً پانچ سے دس روز تک خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔
مشن کے دوران حیاتیاتی ٹیکنالوجی، مائیکرو گریویٹی، مواد کی تحقیق اور خلائی سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تجربات کیے جائیں گے، جن میں پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی تحقیقی منصوبے بھی شامل ہیں۔یہ چین کے خلائی اسٹیشن کے اطلاق اور ترقی کے مرحلے میں آٹھویں انسان بردار خلائی پرواز جبکہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے آغاز سے اب تک 41ویں مشن کی لانچنگ ہے۔
یہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی پرواز بھی ہے جس میں کسی غیر ملکی خلا باز نے چینی خلابازوں کے ساتھ شرکت کی ہے۔پاکستانی خلا باز کی اس تاریخی خلائی پرواز کو پاکستان اور چین کے سائنسی و خلائی تعاون میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی اشتراک کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



