لندن۔25نومبر (اے پی پی):انگلش فٹ بال کلب آرسنل کے منیجر مائیکل آرٹیٹا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو میچوں پر مکمل غلبے کے باوجود کامیابی یقینی بنانے کے لیے بہتر فنشنگ اور قسمت کے ساتھ کی ضرورت ہے۔
بی بی سی کے مطابق بوروشیا ڈورٹمنڈ کے خلاف یوئیفا چیمپئنز لیگ کا میچ 1-1 سے برابر ہونے کے بعد مائیکل آرٹیٹا نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا، تاہم مواقع سے فائدہ نہ اٹھانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔آرسنل نے ڈورٹمنڈ کے خلاف میچ میں 30 شاٹس لگائے، لیکن ان میں سے صرف 4 نشانے پر رہے۔
حالیہ 9 میچوں میں بھی ٹیم صرف ایک مرتبہ 1 سے زیادہ گول کے فرق سے کامیابی حاصل کر سکی ہے۔مائیکل آرٹیٹا کے مطابق ٹیم کو اپنی کارکردگی پر فخر ہونا چاہیے، تاہم اتنے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے بعد مزید گول نہ کر پانا مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں قسمت کا بھی کردار ہے، لیکن کھلاڑیوں کو اپنے حملوں کو بہتر انداز میں مکمل کرنا ہوگا۔
اس سے قبل سلاویہ پراگ اور نیو کیسل یونائیٹڈکے خلاف بھی آرسنل برتری حاصل کرنے کے بعد اپنی گرفت برقرار رکھنے میں ناکام رہی تھی۔ نیو کیسل کے خلاف ٹیم کو 2-2 کے برابر نتیجے پر اکتفا کرنا پڑا۔مائیکل آرٹیٹا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیم کو اسی انداز میں کھیل جاری رکھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے اور میچوں کو فیصلہ کن بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


