شین زو۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی شین ژو-24 مشن کے ذریعے خلا میں روانگی پاکستان اور چین کے دیرینہ تعاون میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے، یہ لمحہ ایک خواب کی تعبیر اور تاریخ ساز سنگ میل ہے۔
ایکس پہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شین ژو-24 کے تین خلابازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت ان کے لیے تاریخی لمحہ ہے ان میں مدار تک جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین بھر سے ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی تقریب میں شرکت کے لیے جمع ہوئے، جو ایک خواب کی تعبیر کا منظر تھا۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ 2017-18 میں وہ اپنے چینی دوستوں پر زور دیتے رہے کہ سی پیک کے تحت زمین پر انقلابی منصوبوں کی تکمیل کے بعد پاک چین تعاون کو خلا تک وسعت دی جائے اور چینی خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کی شمولیت اس تعاون کا اگلا قدم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج وہ خواب حقیقت بن چکا ہے اور پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو اپنے خلائی جہاز کی جانب بڑھتے دیکھنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یہ ایک خصوصی تحفہ ہے۔انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



