اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):اسلام آباد میں دوسرا تین روزہ بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت 2026 شروع ہوگیاہے، مقابلے کے پہلے روز 13 ممالک سے تعلق رکھنے والے ممتاز قراء کرام نے اپنی مسحور کن آوازوں میں تلاوتِ قرآن کریم پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔منگل کو منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے کہ اسے اس عالمی مقابلے کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ محض ایک مسابقتی سرگرمی نہیں بلکہ قرآن کریم سے ہماری گہری وابستگی، اس کی تعلیمات کے فروغ اور قرآنی اقدار کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیم، ترویج اور تحفظ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، قرآن مجید کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں معیاری نسخے کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر حفظ و قرأت کے مقابلوں کے انعقاد سے نوجوان حفاظ اور قراء کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جبکہ قرآن کریم اور سیرتِ طیبہ کے علمی ذخیرے کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ اس نوعیت کے عالمی اجتماعات امت مسلمہ کے اتحاد، باہمی اخوت اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان علمی و روحانی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مقابلے کے انعقاد اور کامیابی کے لیے منتظمین اور معاون اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔مقابلے کے پہلے روز کیمرون، جرمنی، عراق، تنزانیہ، ترکیہ، الجزائر، آئیوری کوسٹ، اردن، مراکش، پاکستان، قطر، ٹوگو، تیونس اور ایتھوپیا کے قراء کرام نے اپنی خوبصورت آوازوں میں تلاوتِ قرآن پاک پیش کی۔مقابلے کے دوسرے روزکل بدھ کو انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، فرانس، گیمبیا، ملائیشیا، مالدیپ، مالی، فلسطین، فلپائن، مصر، گنی، کینیا، لیبیا، موزمبیق، نائیجیریا، جمہوریہ چاڈ اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کے قراء کرام تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت حاصل کریں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



