اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):ڈیجیٹل دور میں بڑھتے ہوئے سائبر کرئمز، آن لائن فراڈ اور ذاتی معلومات کی چوری کے تدارک کے لیے نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ پاکستان) نے اپنے کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے تحت’’سائبر آگاہی – قومی ڈیجیٹل تحفظ سیریز‘‘کے سلسلے میں ایک خصوصی آگاہی وڈیو جاری کر دی ہے جس میں شہریوں کو محض پانچ منٹ میں اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے اور ہیکنگ کی صورت میں فوری بحالی کا عملی طریقہ کار بتایا گیا ہے۔
نیشنل سرٹ کے مطابق آج کل کے باہم مربوط ڈیجیٹل ماحول میں سوشل میڈیا اور پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز کا تحفظ قومی و انفرادی سلامتی کا ایک ناگزیر جزو بن چکا ہے۔ اس خصوصی آگاہی مہم میں شہریوں کو اپنی ڈیجیٹل شناخت کا فعال محافظ بننے کی ترغیب دیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی نامعلوم نمبر سے آنے والے انعامی یا پروموشنل لنکس پر ہرگز کلک نہ کیا جائے۔ ایسے مشکوک پیغامات کو محض نظر انداز کرنے کے بجائے متعلقہ چیٹ کے کانٹیکٹ مینو میں جا کر فوراً ‘بلاک اور رپورٹ’ کریں تاکہ واٹس ایپ نیٹ ورک کو بھی دھوکے باز عناصر کے خلاف بروقت خبردار کیا جا سکے۔
اکاؤنٹ سکیورٹی کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے حوالے سے ادارے نے ہدایت کی ہے کہ صارفین واٹس ایپ کی اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر ’’ٹو سٹیپ ویریفیکیشن‘‘ لازمی فعال کریں اور چھ ہندسوں کا ایک مضبوط پن کوڈ مقرر کرنے کے ساتھ بیک اپ کے طور پر اپنا درست و فعال ای میل ایڈریس بھی درج کریں۔ یہ فیچر اکاؤنٹ پر ایک اضافی حفاظتی تالے کا کام کرتا ہے جسے ابتدائی ایس ایم ایس کوڈ چوری ہونے کے باوجود ہیکر نہیں کھول سکتا۔ مزید برآں دھوکے بازوں کو ذاتی معلومات کے حصول اور جعلی روپ دھارنے سے روکنے کے لیے پرائیویسی مینو میں جا کر اپنی پروفائل فوٹو، لاسٹ سین اور گروپس کی سیٹنگز کو ’’Everyone’’سے ہٹا کر‘‘My Contacts’’ تک محدود کر دیا جائے۔
نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ پرانے یا غیر متعلقہ ویب سیشنز ہیکرز کے لیے خفیہ راستے کا کام کر سکتے ہیں لہٰذا مین مینو میں موجود’’لنکڈ ڈیوائسز‘‘ (Linked Devices) کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے اور کسی بھی اجنبی یا غیر متعلقہ کمپیوٹر یا براؤزر سے اکاؤنٹ کو فوراً ‘لاگ آؤٹ’ کر دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ اچانک لاگ آؤٹ ہو جائے تو گھبرانے کے بجائے فوری طور پر اپنا فون نمبر دوبارہ رجسٹر کریں اور موصول ہونے والا نیا ایس ایم ایس ویری فکیشن کوڈ کسی بھی صورت کسی کے ساتھ شیئر کیے بغیر درج کریں، جس سے ہیکر کا سیشن فوراً ختم ہو جائے گا اور اکاؤنٹ کا مکمل کنٹرول واپس مل جائے گا۔
اپنےپیغام میں نیشنل سرٹ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خود ان حفاظتی اقدامات کو اپنانے کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے بزرگوں اور دوستوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو بھی محفوظ بنانے میں مدد کریں۔ ادارے نے عوام کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ "کلک کرنے سے پہلے سوچیں اور مشکوک سرگرمیوں کو بروقت رپورٹ کریں”، کیونکہ ہر فرد کی ذاتی احتیاط ہی ایک محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کی مضبوط بنیاد ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



