دوحہ، قطر ۔23نومبر (اے پی پی):پاکستانی ٹین پن باؤلر احمر عباس خان سلڈیرا نے دوحہ، قطر میں جاری 28ویں ایشین ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں 300 اسکور کا شاندار ‘پرفیکٹ گیم’ کھیل کر بین الاقوامی کھیلوں کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں درج کروا لیا ہے۔ ایشیا کے صفِ اول کے باؤلرز کا مقابلہ کرتے ہوئے سلڈیرا نے غیر معمولی مہارت، اعصابی مضبوطی اور تسلسل کا مظاہرہ کیا اور مسلسل 12 اسٹرائیکس لگا کر ٹین پن باؤلنگ کا زیادہ سے زیادہ ممکنہ سکور حاصل کیا۔
اس عظیم کارنامے کے ساتھ ہی وہ کسی بھی آفیشل بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 300 کا سکور بنانے والے تاریخ کے پہلے اور واحد پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں، جس سے ایشین باؤلنگ فیڈریشن کے اعزازی ریکارڈ میں ان کا نام مستقل طور پر شامل ہو گیا ہے۔ یہ تاریخی کامیابی پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور براعظمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



