اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):عمان میں مینز سنوکر ورلڈ کپ 2026 کا آغاز ہوگیا۔ایونٹ کے پہلے روز پاکستان کے چاروں کیوئسٹ اسجد اقبال، مبشر رضا، رانا عرفان اور محمد آصف نے اپنے ابتدائی مقابلوں میں کامیابی حاصل کر لی۔
پہلے روز کھیلے گئے مقابلوں میں پاکستان کے اسجد اقبال نے مصر کے محمد ولہامی احمد کو 1-3 سے شکست دی۔ مبشر رضا نے ایران کے سیاوش موزیانی کو سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہرایا۔
پاکستان کے رانا عرفان نے میزبان ملک عمان کے مبارک الواہبی کو 2-3 سے مات دی، جبکہ محمد آصف نے ایران کے ارمان دیناروند کو 2-3 سےشکست دے کر کامیابی اپنے نام کی۔مینز ورلڈ کپ میں 43 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جنہیں 11 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ہر گروپ سے دو کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گے۔ دس گروپس کے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑی براہ راست پری کوارٹر فائنل میں پہنچیں گےجبکہ دیگر گروپ ونر اور تمام گروپس کے رنر اپ لاسٹ 22 راؤنڈ میں حصہ لیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



