اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بزرگ شہریوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور بااعتماد رکھنے کے لیے ایک خصوصی ”سائبر سیفٹی گائیڈ“ متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سینئر سٹیزنز کو بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ، جعلی فون کالز، دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ اس خصوصی رہنمائی گائیڈ میں بزرگ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی اور حساس معلومات کو ہر صورت محفوظ رکھیں اور کسی بھی غیر متعلقہ فرد یا نامعلوم نمبر سے آنے والے پیغامات اور غیر معلوم لنکس پر کلک کرنے سے مکمل پرہیز کریں۔ گائیڈ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ شہری کسی قسم کی جعلی کالز اور پُرکشش انعامی آفرز کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی مشکوک آن لائن رابطے یا مالی لین دین کی صورت میں فوری طور پر اپنے کسی قابل اعتماد خاندانی فرد سے رہنمائی حاصل کریں۔
ایجنسی کے مطابق بزرگ شہری مکمل ”سینئرز گائیڈ“ دیکھنے اور مزید حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے لیے این سی سی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ nccia.gov.pk/seniors.html وزٹ کر سکتے ہیں جبکہ کسی بھی سائبر کرائم یا ہنگامی شکایت درج کرانے کے لیے این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



