بیجنگ۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا نورد کی چینی خلائی سٹیشن کے لیے تاریخی پرواز پاک چین دوستی، سائنسی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کی نئی علامت بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا نورد چینی خلائی سٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بیجنگ میں چائنا گریٹ وال انڈسٹری کارپوریشن کے صدر فو ژی ہینگ اور چینی خلائی ادارے کے صدر سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور چین کے درمیان خلائی سائنس، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے مشترکہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان کے پہلے خلا نورد کے تاریخی خلائی مشن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن پاکستان کی سائنسی ترقی اور خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس تاریخی مشن کے لیے دو پاکستانی خلا نوردوں کی تربیت مکمل ہو چکی ہے جبکہ حتمی خلا نورد کا انتخاب تاریخی پرواز سے قبل کیا جائے گا۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون نئی نسل کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ دونوں ممالک کا اشتراک پاکستان کے سائنسی و تکنیکی مستقبل کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خلائی تحقیق سمیت جدید سائنسی شعبوں میں اپنی استعداد بڑھانے اور چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی خلا نورد کی تاریخی خلائی پرواز دونوں ممالک کی دوستی کو ایک نئی سائنسی اور تکنیکی جہت فراہم کرے گی اور پاکستان کے نوجوانوں کو خلائی تحقیق کے شعبے میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



