راولپنڈی۔23نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا محفوظ ترین ملک ہے جس کی سلامتی ہر ذاتی، مالی اور سیاسی مفاد سے بالاتر ہے، جبکہ ایٹمی صلاحیت، شہداء کی قربانیاں اور قومی یکجہتی ملکی استحکام کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اصغر مال کے قریب 400 بیڈز کے جدید چلڈرن ہسپتال کی تعمیر، پی کے ایل آئی نارتھ میں گردے، جگر اور بون میرو کی مفت پیوند کاری، بارانی اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹلز کے قیام، 25 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز، بین الاقوامی معیار کے سپورٹس ایرینا کی تعمیر اور طلبہ کے لیے 80 نئی بسیں چلانے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔وہ پیر کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سات روزہ ’’سٹوڈنٹ ویک‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ملکی سلامتی اور دفاعی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کی سرحد کے اندر اگر چڑیا بھی پر مارے تو ہمارے شاہین فوراً حرکت میں آ جاتے ہیں، اور 10 مئی کی جنگ میں پاک فضائیہ نے جو کارنامہ سرانجام دیا اس نے ہماری برتری ثابت کر دی ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ایک غیر ملکی سربراہِ مملکت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جب ان سے پوچھا گیا کہ فلاں جارح ملک سب پر حملہ کرتا ہے لیکن پاکستان پر حملہ کیوں نہیں کرتا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان پر حملے کی کوئی جرات نہیں کر سکتا کیونکہ وہاں شیر دل جوان اور شاہین موجود ہیں اور وہ ایک ایٹمی طاقت ہے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت اور شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ورنہ ہم سے 150 گنا بڑا دشمن ہمیں کب کا ختم کر چکا ہوتا۔
انہوں نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور مئی 1998 میں ایٹمی دھماکے کرنے والے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہی جرات مندانہ فیصلوں نے وطنِ عزیز کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے جنازے میں اس وقت کے حکمرانوں نے شرکت تک گوارا نہیں کی تھی، تاہم قوم اپنے محسن کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ شہداء کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے ایک شہید کی والدہ کے جذبات کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان محض 50 ہزار روپے تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ وطن کی محبت میں کروڑوں کی جائیدادیں اور آسائشیں چھوڑ کر اپنا لہو پیش کرتے ہیں، جن کی قربانیوں کا کوئی نعمت البدل نہیں۔
قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے کردار پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی میں بلوچ، پختون، کشمیری، پنجابی، سرائیکی اور سندھی طلبہ کی موجودگی مضبوط اور متحد پاکستان کی علامت ہے۔ طالبات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اپنی ذاتی مثال دی کہ جب ان کی اپنی بیٹی یونیورسٹی گئی تو انہوں نے سکیورٹی کے پیشِ نظر اسے باہر رکھنے کے بجائے یونیورسٹی کے اندر ہی رہائش فراہم کی، اور اسی سوچ کے تحت رواں مالی سال میں یونیورسٹی کی حدود میں ہی جدید گرلز ہاسٹل کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔شہر میں صحت اور شہری سہولیات کے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی میں میٹرو بس، جدید روڈ انفراسٹرکچر اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بعد اب جدید ترین چلڈرن ہسپتال ڈویژن کے عوام کے لیے بڑا تحفہ ہوگا۔
انہوں نے یورالوجی ہاسپٹل (پی کے ایل آئی نارتھ) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جگر کی پیوند کاری کے لیے مریضوں کو چین یا بھارت جانا پڑتا تھا، لیکن اب گزشتہ دو ماہ کے دوران راولپنڈی میں ہی 10 گردے اور 12 جگر کے کامیاب ٹرانسپلانٹ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر آپریشن پر آنے والے 60 لاکھ روپے کے اخراجات وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی انیشیٹو کے تحت حکومت ادا کر رہی ہے، اور اب پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والا ہر شہری بغیر کسی کیٹیگری کی قید کے جگر، گردے اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کی مفت سہولت سے مستفید ہو سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی وزیر کے اعلانات اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کو یونیورسٹی کی تاریخ کا سنگِ میل قرار دیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



