نیو یارک۔17نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے گنجان آباد علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملےشہریوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے امدادی کارکنوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں جبکہ طبی شعبہ ادویات اور ضروری طبی سامان کی شدید قلت کا شکار ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ا یچ اے)نے گزشتہ روز جاری بیان میں بتایا کہ اتوار کو اسرائیل نے رفح میں اقوام متحدہ کی قیادت میں چلنے والے ایندھن کے ایک قافلے کے انتہائی قریب فضائی حملہ کیا ۔
او سی ایچ اے نے اقوام متحدہ کے عملے اور اس کی گاڑیوں بالخصوص ایندھن لے جانے والی گاڑیوں کے قریب حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں امدادی کارکنوں کو ناقابلِ قبول خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔ بیان میں زور دیا گیا کہ شہریوں بشمول انسانی ہمدردی کے کارکنوں کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔
غزہ کی بگڑتی ہوئی طبی صورتحال کے حوالے سے او سی ایچ اے نے بتایا کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے شراکت دار اداروں نے آگاہ کیا ہے کہ تمام ادویات میں سے تقریباً 42 فیصد کا ذخیرہ تقریباً ختم ہو چکا ہے،کیموتھراپی کے لیے ضروری ادویات میں سے تقریباً 55 فیصد دستیاب نہیں رہیں،اوپن ہارٹ سرجری اور کارڈیک کیتھیٹرائزیشن کے لیے درکار طبی سامان میں سے تقریباً 73 فیصد ختم ہو چکا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



