اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے نلتر 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے وزیر اعلیٰ کو منصوبے کی تکمیل، گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی اور منصوبے سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ نے عمائدین اور متعلقہ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں گلگت بلتستان سے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کریں گے، ہمارا مقابلہ غربت، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے چیلنجز سے ہے، ہماری تمام تر توجہ ان مسائل کے حل اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، ہمارا مقصد سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نلتر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ گلگت شہر کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے سے بجلی کی فراہمی شروع ہونے کے بعد شہر کو تقریباً 8 سے 9 گھنٹے اضافی بجلی میسر آ رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے منصوبے کے تاریخی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نلتر 14 میگاواٹ فیز ٹو اور 16 میگاواٹ فیز تھری، دونوں منصوبے 2009 میں پی ایس ڈی پی کا حصہ بنے تھے۔ 14 میگاواٹ فیز ٹو پاور پروجیکٹ کا ٹھیکہ چینی کمپنی کو دیا گیا، جبکہ 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ کو ہیوی مکینیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) کے ذریعے مکمل کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 2012 میں ضروری کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد دونوں منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 14 میگاواٹ فیز ٹو پاور پروجیکٹ کا افتتاح اس وقت کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کیا، جس کے بعد اس منصوبے سے گلگت کے عوام کو بجلی کی فراہمی شروع ہوئی۔ تاہم 2012 میں سنگِ بنیاد رکھے جانے والا 16 میگاواٹ فیز تھری پاور پروجیکٹ مسلسل تاخیر کا شکار رہا اور تین مرتبہ اس کی منصوبے کی رویژن کی گئی۔ 2015 تک منصوبے پر صرف 3 فیصد کام مکمل ہوا تھا، جبکہ 2021 میں اس کی مجموعی پیش رفت 23 فیصد تک پہنچی۔ یوں 2012 سے 2024 تک طویل عرصے کے دوران منصوبے پر صرف 23 فیصد پیش رفت ہوئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبوں میں تاخیر اور سست روی کا سبب بننے والے بنیادی مسائل کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی سیاست کی وجہ سے گلگت بلتستان کو آج بھی متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ہماری ترجیح سیاسی مفادات نہیں بلکہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2024 کے بعد 16 میگاواٹ پاورپروجیکٹ پر کام میں تیزی آئی۔ 2025 تک منصوبے پر 72 فیصد پیش رفت حاصل کی گئی، جبکہ اب یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے اور گلگت شہر کو اس سے بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل سے شہر میں جاری لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر 16 میگاواٹ پاور پروجیکٹ فیز3 اور محکمہ برقیات کےسیکرٹریز،ایچ ایم سی کی متعلقہ ٹیم اور خصوصاً سابق چیف سیکریٹری ابرار احمدمرزا کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس منصوبے کی تکمیل کیلئے قابل قدر کردار کیا۔وزیر اعلیٰ منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے کے معیار اور رفتار کو یقینی بنانے کے لیے اہل اور باصلاحیت پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے مستقل خاتمے کے لیے 40 میگاواٹ ہنزل پاور پروجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جو گزشتہ سات سال سے التوا کا شکار ہے۔ اس منصوبے کا آئندہ تین ماہ میں دوبارہ ٹینڈر کیا جائے گا تاکہ اس کی تکمیل کے ذریعے گلگت کے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عطاء آباد 54 میگاواٹ پاور پروجیکٹ کے حوالے سے درپیش مسائل بھی حل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ہرپور اور شغرتھنگ پاور پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے غواڑی اور تھک پاور پروجیکٹس کو دوبارہ پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



