راولپنڈی۔ 27 نومبر (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2026 کی اختتامی تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں نوجوانوں میں کاروباری سوچ، جدت اور خود روزگار کے فروغ پر زور دیا گیا۔تقریب میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی، وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، آر سی سی آئی کے پیٹرن ان چیف سہیل الطاف، صدر نوشیروان خلیل خان، کاروباری رہنماؤں، صنعتکاروں، نوجوان کاروباری افراد، ماہرین تعلیم اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ترجمان آر سی سی آئی کے مطابق وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں اور صنعت کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
طلبہ کو کامیاب کاروباری شخصیات اور صنعتی اداروں سے متعارف کرانے سے انہیں کاروبار کے عملی تقاضوں کو سمجھنے اور مستقبل کے لیے بہتر تیاری کرنے میں مدد ملتی ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے نوجوانوں میں کاروباری رجحان، جدت اور خود روزگار کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سرکاری ملازمتوں کے حصول کو ترجیح دینے کا رجحان پایا جاتا ہے، جبکہ دنیا میں حقیقی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ملازمتوں کی تلاش کے بجائے کاروبار اور انٹرپرینیورشپ کے فروغ سے ہموار ہوتا ہے۔ نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرکے نہ صرف روزگار پیدا کیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جغرافیائی اور تزویراتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی تجارت کے اہم سنگم پر واقع ہے اور ملک میں ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جس سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔آر سی سی آئی کے پیٹرن ان چیف سہیل الطاف اور صدر نوشیروان خلیل خان نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے چیمبر کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک کے انعقاد میں تعاون کرنے والی جامعات، شراکت دار اداروں، اسپانسرز اور آرگنائزنگ ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص چیئرمین ایونٹ قاضی محمد احسن اور وائس چیئرمین فیضان رفیق کی محنت اور لگن کو سراہا۔
تقریب کے دوران “کاروباری انقلاب: پاکستان کے معاشی مستقبل کی نئی تشکیل” کے موضوع پر پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی، جس کی میزبانی چیئرمین ایونٹ قاضی محمد احسن نے کی۔پینل میں سابق صدر آر سی سی آئی اور چیئرمین زیڈ ایل کے گروپ زاہد لطیف خان، سری لنکا میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر اور ماہر تعلیم جنرل (ر) شاہد ہاشم، ڈائریکٹر ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب منیزہ درانی اور صدر انٹرپرینیورز آرگنائزیشن شعیب ظفر نے شرکت کی۔
پینلسٹس نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے، جدت پر مبنی کاروبار کی حوصلہ افزائی اور ملک کے معاشی مستقبل کو مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان کے مطابق گلوبل انٹرپرینیورشپ ویک 2026 کے تحت بحریہ یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز، ٹی ایم یو سی روٹس، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے ساتھ مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو اپنے کاروباری آئیڈیاز پیش کرنے، نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے اور صنعت سے وابستہ شخصیات کے ساتھ روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ تقریب کے اختتام پر آر سی سی آئی کی جانب سے نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کے فروغ، تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے اور کاروباری مواقع کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



