لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب صوبہ بھر میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے تحفظ و فروغ کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہا ہے اور محکمہ ورلڈ اینیمل ڈے کے موقع پر اپنی انہی کاوشوں کے تسلسل اور تناظر کے پیش نظر عوام میں اس امر کا شعور اجاگر کر رہا ہے کہ جانور ہمارے ایکو سسٹم کا ایک اہم اور لازمی حصہ ہیں لہذا ان کی فلاح و بہبود، ان پر شفقت ان کی بقا کیلئے نا گزیر ہے۔
چیف وائلڈ لائف رینجر کیپٹن ( ر) محمد وسیم نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ محکمہ قدرتی ماحول میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ اور اپنے زیرِ انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھروں میں ان کی خصوصی نگہداشت پر بھرپور توجہ دے رہا ہے اور اسی امر کے پیشِ نظر محکمہ نے سفاری چڑیا گھر میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویٹرنری ہسپتال قائم کیا جہاں بے زبان جنگلی جانور پرندے جدید ترین علاج و معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کریں گے ۔ جانوروں کو علاج کیلئے ان کے انکلوزر ہی میں سہولت مہیا کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے غیر قانونی شکار،کاروبار اور سمگلنگ کی فوری شکایات کیلئے 1107 ہیلپ لائن قائم کی گئی،جنگلی حیات کے سنگین جرائمز پر ایف آئی آرز اور بھاری جرمانوں کا نفاذ کیا جارہا ہے۔صوبہ کے تین مقامات پر وائلڈ لائف ریسکیو سنٹرز بنائے گئے ہیں،محکمہ کے زیرِ انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھروں میں جانوروں کی خصوصی دیکھ بھال خوراک،رہائش اور علاج معالجہ یقینی بنایا جا رہا ہے،جانوروں کو موسمی شدت و حدت سے بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ وبائی امراض سے بچائو کیلئے بروقت ویکسی نیشن کی جاتی ہے۔
محکمہ نے امسال بھی سیلاب میں گھرے سینکڑوں جنگلی جانوروں کو ریسکیو کرکے قدرتی ماحول میں آزاد کیا ۔ عوام بھی جانوروں کے ساتھ بے رحمانہ سلوک نہ کریں بلکہ ان کے ساتھ شفقت کریں ، جانوروں کے غیر قانونی شکار اور ناجائز پکڑ دھکڑ کی حوصلہ شکنی کریں اور ایسے عناصر پر نظر رکھیں جو جانوروں پر ظلم وزیادتی کے مرتکب ہوں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



