لاہور۔23نومبر (اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ لاہور آج دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے، موثر حکمت عملی اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے باعث چار سال کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔سی سی پی او لاہور نے پیر کو جاری بیان میں بتایا کہ رواں سال تقریبا تمام کیٹیگریز میں جرائم کی شرح کم ہوئی جبکہ رواں سال ڈکیتی ، کار چوری اور گاڑی چھیننے کے واقعات میں 68 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تین سال کے دوران 10 لاکھ زیر التوا مقدمات کے چالان مکمل کرکے انہیں یکسو کیا گیا۔ اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈائون میں پانچ ہزار اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہر میں کوئی نوگو ایریا، انڈر ورلڈ مافیا یا قبضہ گروپ موجود نہیں۔ لاہور کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس کے تمام یونٹس مسلسل سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



