ملتان۔ 26 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے آم کے باغات کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت ملتان کے مطابق آم کی فصل کو سردی کے نقصانات سے بچانے کیلئے باغبان پانی کا چھڑکاؤ کریں جو زمین کی نمی کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے تاہم اگر زمین میں وتر موجود ہو تو آبپاشی کی ضرورت نہیں ہے۔ آم کے چھوٹے پودوں کو شیشم کے چھاپوں یا پلاسٹک شیٹ سےڈھانپ کر بھی سردی کے اثرات سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، آم کے درختوں کے نیچے دھواں کرنے سے سردی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
باغات میں درختوں کی چھتری کے نیچے 80 سے 100 کلو گر ام نامیاتی مواد، مثلاً گلا سڑاگوبر بکھیریں۔آم کے درختوں پر قبل از وقت یعنی موسم سرما میں نکلنے والے بور کو روکنے کیلئے آبپاشی کا روکنا ضروری ہے۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ اگر پھل توڑنے کے فوراً بعد فاسفورس اورپوٹاش کی کھاد کا استعمال نہیں کیا گیا تو دسمبر کے مہینہ میں گلی سڑی گوبر کے ساتھ ملا کراستعمال کر لیں
۔پودوں کو ٹھنڈی ہواؤں سے بچانے کے لیے چاروں اطراف حفاظتی شیلڈ لگانا ضروری ہے تاکہ درختوں کی جڑیں محفوظ رہیں۔ کورے کے نقصان سے بچنے کیلئے درختوں کے تنوں پر بورڈیکس مکسچرپیسٹ کا استعمال کریں یا محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب جراثیم کش زہر کا پیسٹ لگائیں۔باغبان آم کے تیلے کے تدارک کیلئے درختوں کے موٹے ٹہنوں پر مناسب کیڑے مارزہر کا سپرے کریں تاکہ درختوں کی چھال میں چھپے آم کے تیلے کا خاتمہ ہو سکے۔اس کے علاوہ آم کی گدھیڑی کو پودوں پر چڑھنے سے روکنے کیلئے تنوں پر پھسلن والے پھندے(پلاسٹک شیٹ) لگانے کا عمل جلد از جلد مکمل کر لیں تاکہ گدھیڑی کے نقصانات سے بچا جا سکے
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



