اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے کے راستے میں آنے والی یوٹیلیٹیز کی منتقلی میں تاخیر پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سی ڈی اے حکام کو ہدایت دی کہ وہ یوٹیلیٹیز کی بلاتاخیر اور بروقت منتقلی کے لیے فوری طور پر سوئی گیس حکام سے رابطہ کریں اور اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیش رفت تیز کرنے کے لیے ورک فورس اور مشینری کی تعداد فوری طور پر بڑھانے کا حکم دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کام کی رفتار کو بڑھا کر منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سروس روڈ پراجیکٹ پر بیک وقت 60 سے زائد مشینیں کام کر رہی ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



