لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سینئر صحافی سجاد میر کی عیادت کے لئے ان کے گھر گئے۔ وفاقی وزیر نے سجاد میر کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سجاد میر ملک کے سینئر صحافی ہیں، ان کی صحافت کے شعبے میں خدمات قابل قدر ہیں، سجاد میر نے کئی دہائیوں تک صحافت کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں اور قلم کے ذریعے اہم خدمات انجام دی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سجاد میر کو صحت و تندرستی عطا فرمائے اور انہیں جلد مکمل صحت یابی نصیب ہو۔ اس موقع پر سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی، سلمان غنی اور فرخ شہباز بھی وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ موجود تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



