لاہور۔22نومبر (اے پی پی):چیئرمین سمال بزنس چیمبرز سیف الرحمن نے کہا ہے کہ تیز رفتار مشین کاری کے باعث دستی مزدور کی طلب میں کمی آ رہی ہے، اور ڈھانچہ جاتی تبدیلی سے گزرنے والے ممالک صنعتی اور سروسز کے شعبوں میں وسعت کے ذریعے بے روزگار ہونے والے ورکرز کو کامیابی سے کھپا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیداواری صلاحیت بڑھانے، پیداواری لاگت کم کرنے اور مسابقت بہتر بنانے کے لیے تکنیکی پیشرفت اور مشین کاری ضروری ہیں، لیکن روزگار پر ان کے اثرات کے لیے موثر معاشی منصوبہ بندی اور بروقت پالیسی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے۔
سیف الرحمن نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ محنت طلب صنعتوں کے فروغ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی، خدمات کے شعبے کی توسیع اور اینٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے پر توجہ دے تاکہ آٹومیشن سے متاثر ہونے والے ورکرز کے لیے روزگار کے متبادل مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ روایتی ٹیکنالوجی پر مبنی پیداوار کی طرف تبدیلی کے عمل میں ورکرز کو پیچھے نہیں چھوٹنا چاہیے، اور مزید کہا کہ جدید صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ورک فورس کو مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم میں سرمایہ کاری انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تعلیم، مہارتوں کی ترقی، صنعتی نمو اور روزگار کی پالیسیوں کو آپس میں جوڑ کر تکنیکی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک جامع قومی حکمت عملی تشکیل دے۔چیئرمین نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ادارے اضافی لیبر کو جذب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں کیونکہ یہ روزگار اور روزی روٹی کا بڑا ذریعہ ہیں۔ مالیات تک رسائی، جدید ٹیکنالوجی، منڈیوں اور تربیت کی فراہمی میں سہولت کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کو وسعت دی جا سکتی ہے اور ہزاروں نئے روزگار پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مشین کاری طویل مدتی بے روزگاری کا سبب بننے کے بجائے پیداواری صلاحیت، مسابقت اور پائیدار روزگار کا ذریعہ بن سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



