لاہور۔22نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او )کے پاس اپنے رکن ممالک کے درمیان علاقائی معاشی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کو تنظیم کو علاقائی معاشی ترقی کے زیادہ موثر انجن میں تبدیل کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس خطے کے پاس وافر قدرتی وسائل، ایک بڑی صارف مارکیٹ، ہنر مند افرادی قوت اور اہم تجارتی راستے موجود ہیں۔
ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں بہتر تعاون روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار معاشی ترقی کو بھی تیز کر سکتا ہے۔انہوں نے کاروبار کی لاگت اور وقت کو کم کرنے کے لیے کسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنانے، تجارتی قوانین میں ہم آہنگی لانے، سرحدی بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور موثر علاقائی ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس نیٹ ورکس قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سرحد پار تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے ای سی او ممالک پر بینکنگ اور مالیاتی روابط کومضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اہم جغرافیائی محل وقوع اور بڑی علاقائی منڈیوں تک رسائی کی بدولت وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطی اور اس سے آگے کے علاقوں کو جوڑنے والے اہم تجارتی اور ٹرانزٹ مرکز کے طور پر کام کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر اور دیگر ٹرانسپورٹ راہداریوں کا موثر استعمال علاقائی رابطوں کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور ایک زیادہ خوشحال و باہم منسلک ای سی او خطہ تشکیل دینے کے مقصد پر مبنی ہر اقدام کی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



