اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کی بڑھتی ہوئی استعداد اور عالمی سطح پر اس کی بہتر کارکردگی کا عکاس ہے ۔ بدھ کو ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات اکتوبر 2026ء میں تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں اور ان کا حجم 453 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہے۔
جاری مالی سال 2026-27ء کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ایک ارب 73 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہیں۔خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، جس سے عالمی منڈی میں ملک کی مسابقتی صلاحیت مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں یہ نمایاں اضافہ پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے کی بڑھتی ہوئی استعداد اور عالمی سطح پر اس کی بہتر کارکردگی کا عکاس ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



