اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):ویلتھ پاکستان کو دستیاب تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے زمین کے مالکان کو تقریباً 15.26 ارب روپے کی ادائیگی کے بعد سکھر-حیدرآباد موٹروے (M-6) منصوبے کے لیے 100 فیصد اراضی کے حصول کا عمل مکمل کر لیا ہے۔اراضی کے حصول کی تازہ ترین صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ اس منصوبے کے روٹ (الائنمنٹ) کے لیے 7,548 ایکڑ اراضی درکار تھی، جو اب مکمل طور پر حاصل کر لی گئی ہےجو 306 کلومیٹر طویل موٹروے کی تعمیر کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
این ایچ اے نے حاصل کردہ اراضی کے عوض تقریباً 15.26 ارب روپے ادا کر دیے ہیں، جس سے منصوبے کے لیے درکار معاوضے کی ادائیگی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔M-6 موٹروے کو سکھر اور حیدرآباد کے درمیان رابطے کو بہتر بنانے اور قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک پر سڑک کے رابطے کو مضبوط کرنے کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے۔اراضی کے حصول کا عمل مکمل ہونے سے منصوبے کی بقیہ سرگرمیوں میں پیش رفت آسان ہونے اور موٹروے کی تعمیر اور حتمی تکمیل کی جانب بڑھنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



