کراچی۔ 28 نومبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سخی حسن اسٹریٹ کی تعمیر و بحالی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، سٹی کونسل اراکین اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سخی حسن اسٹریٹ پر 150 ملین روپے کی لاگت سے سڑک، ڈرینیج اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے کام مکمل کیے گئے ہیں۔ اللہ رازی بریانی سے حیدر فوڈز تک 2,900 فٹ طویل سڑک کی تعمیر و بحالی مکمل کی گئی ہے، جبکہ 0.883 کلومیٹر طویل ڈبل کیریج وے کو بھی تعمیر و بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 فٹ چوڑی سخی حسن اسٹریٹ کی بحالی سے علاقے کے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے کہاکہ منصوبے کے تحت 2,900 فٹ طویل ڈرینیج سسٹم تعمیر کیا گیا ہے تاکہ بارش اور دیگر ذرائع سے جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے مسائل حل کیے جاسکیں، جبکہ 2,900 فٹ طویل نئی سیوریج لائن بھی بچھائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کے بنیادی انفرا اسٹرکچر، سڑکوں، نکاسی آب اور سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کررہی ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے سوال کریں، جو اچھا کام کرے اس کی تعریف کریں اور جہاں کام نہ ہو وہاں جواب طلب کریں، تاہم اس دوران احترام کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے.
میئر کراچی نے کہا کہ سخی حسن کے پارک کی بحالی کے حوالے سے شہریوں کی نشاندہی اہم ہے۔ میں متعلقہ ٹاؤن سے کہتا ہوں کہ یہ پارک ہمارے حوالے کردیں، ہم اسے دوبارہ ایک ماڈل پارک بنائیں گے اور سرسبز و شاداب کریں گے تاکہ بچوں، بزرگوں اور خاندانوں کو تفریح کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نظام کی خامیوں کو دور کرے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ اگر کوئی شخص منظور شدہ نقشے کے بغیر عمارت تعمیر کرتا ہے تو کارروائی ہونی چاہیے، اسی طرح اگر کسی عمارت کا نقشہ گراؤنڈ پلس ون منظور ہوا ہے اور وہاں چھ منزلہ عمارت تعمیر کردی جائے تو اس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔
کسی سرکاری افسر، بلڈر یا ٹھیکیدار کو قانون سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، غیر قانونی تعمیرات اور عمارتوں کی حفاظت کے معاملے پر میڈیا اور معاشرے کو اپنا دباؤ برقرار رکھنا چاہیے تاکہ کسی بھی سرکاری افسر، بلڈر یا دیگر ذمہ دار شخص کی جانب سے ناانصافی کی صورت میں کارروائی ہوسکے۔ سندھ حکومت کے متعلقہ وزیر ذاتی طور پر اس معاملے کی نگرانی کررہے ہیں اور انہوں نے سخت فیصلے کیے ہیں جن کے اثرات شہر میں نظر آرہے ہیں۔ بعض افسران کی معطلی بھی عمل میں آئی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ بہتری کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کا تسلسل برقرار رہے تاکہ مستقبل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے علاقوں میں بھی سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے منظور کرائے جہاں متعلقہ مقامی اداروں کی جانب سے کام نہیں کیا جارہا تھا۔ ہمارا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، اس لیے ترقیاتی کاموں کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



