اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نیٹ فلکس پر پاکستانی ڈرامے کی نشریات پر پابندی کے بھارتی مطالبے پر بھرپور ردعمل دیا ہے۔ پاکستانی تفریحی مواد پر پابندی کے نئے مطالبات پر وفاقی وزیر کے موقف کو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ ہیش ٹیگ #GrowUpIndia ٹرینڈ کرنے لگا۔وفاقی وزیر کا ردعمل آل انڈین سنی ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لکھے گئے باضابطہ خط کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس میں نیٹ فلکس پر پاکستان کی پہلی اوریجنل سیریز جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو کی 4 دسمبر کو ریلیز روکنے اور تمام بھارتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی مستقل پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پروفیسر احسن اقبال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کھیلوں اور فنون کو سیاست کی نذر کرنے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آخر کرکٹ میچ کو سیاسی خطرہ اور ٹیلی ویژن ڈرامے کو قومی سلامتی کا مسئلہ کیوں سمجھا جاتا ہے؟وفاقی وزیر کے پیغام کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی ملی جہاں صارفین نے فنون اور تفریح کو سیاسی پابندیوں سے آزاد رکھنے کے موقف کی حمایت کی۔سرحد پار پابندیوں پر ردعمل کے علاوہ وفاقی وزیر کا یہ موقف پاکستان کے تخلیقی اور ثقافتی شعبے کو ایک فروغ پذیر برآمدی صنعت میں تبدیل کرنے کی طویل المدتی پالیسی کوششوں کا بھی عکاس ہے۔پروفیسر احسن اقبال نیٹ فلکس اور ڈزنی پلس سمیت عالمی سٹریمنگ اداروں کے ساتھ منظم روابط کے ذریعے پاکستان کی تخلیقی و ثقافتی برآمدات کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے بین الاقوامی سطح پر مواد کی تقسیم کے مواقع بڑھانے کی غرض سے پاکستان کو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ (MENA) کے کانٹینٹ ریجن میں شامل کرنے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے علامہ محمد اقبال، قائداعظم محمد علی جناح اور مغلیہ دور کے تاریخی و ثقافتی ورثے پر سیریز تیار کرنے کے لیے ابتدائی مالی معاونت بھی فراہم کی ہے۔ علاوہ ازیں وہ تخلیقی و ثقافتی برآمدات میں اضافے اور اس شعبے میں بنیادی تبدیلی لانے کے لیے پالیسی اقدامات پر بھی کام کر رہے ہیں۔پاکستانی ڈراموں اور فلموں کو عالمی سطح پر ناظرین کی بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سٹریمنگ پلیٹ فارمز سے منسلک کرنے کی کوششوں کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ علاقائی پابندیوں کے باوجود پاکستان کی کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچ سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



