اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کے کامیابی سے خلا میں پہنچنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی اور چینی خلا بازوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خلا باز کی کامیاب خلائی پرواز ایک تاریخی سنگ میل ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ذیشان علی نے خلا میں پاکستان کی نمائندگی کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، ذیشان علی کی کامیابی پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں، عزم اور محنت کا روشن ثبوت ہے،پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون دونوں ممالک کی لازوال دوستی کا مظہر ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی بھرپور قابلیت موجود ہے،خلائی تحقیق کے میدان میں پاکستان کی یہ پیش رفت ملک کے سائنسی مستقبل کے لیے خوش آئند ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ذیشان علی اور ان کے چینی ساتھیوں کے کامیاب مشن اور بحفاظت واپسی کے لیے دعا گو ہوں،یہ تاریخی کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے نئے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ پیدا کرے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



