اقوام متحدہ ۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے باعث عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کی روک تھام کے لیے سخت عالمی ضابطے اور ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیئے جائیں۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا فیصلہ ہر صورت انسانی کنٹرول میں رہنا چاہیے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل کے 15 رکنی فورم کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز کا تیزی سے فروغ جاری ہتھیاروں کی دوڑ کو مزید تیز نہ کرے، کیونکہ اس کے عالمی امن و سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔لیٹویا کی زیر صدارت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور تنازعات کے حل سے متعلق مباحثے میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ عسکری شعبے میں تحمل اور اعتماد سازی کے اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ غلط اندازوں، جلد بازی میں فیصلوں اور بحرانوں کے دوران فیصلہ سازی کے لیے محدود وقت سے پیدا ہونے والے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں انسانی نگرانی اور کنٹرول انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق فیصلے صرف انسانوں کے اختیار میں رہنے چاہئیں اور مصنوعی ذہانت کے نظام کو جوہری کمانڈ، کنٹرول اور مواصلاتی نظام (این سی تھری) کو نشانہ بنانے کے لیے ہرگز استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔سفیر حیدر شاہ نے زور دیا کہ عسکری کارروائیوں میں مصنوعی ذہانت کا بڑھتا ہوا استعمال بحرانوں کے دوران انسانی فیصلے کے لیے دستیاب وقت محدود کر دیتا ہے، جس سے غیر ارادی کشیدگی اور تنازعات میں اضافے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے جوہری کمانڈ اور کنٹرول کے نظام کو اے آئی کے ذریعے نشانہ بنانے پر مکمل پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کی تیاری، استعمال اور ان کے وسیع تر اثرات سے متعلق تمام اہم امور پر اقوام متحدہ کے تحت جامع، نمائندہ اور شمولیتی فورمز میں عالمی شرکت کے ساتھ غور کیا جانا چاہیے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ مصنوعی ذہانت تشویشناک انداز میں میدان جنگ میں داخل ہو چکی ہے اور موجودہ جنگیں اے آئی کی مدد سے اہداف کے تعین اور نشانہ بنانے کے تجربات کا مرکز بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات کے حصول سے لے کر اہداف کے انتخاب تک، الگورتھمز تیزی سے زندگی اور موت کے فیصلوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ جب تک جوہری ہتھیار موجود ہیں، ان کے استعمال کا فیصلہ صرف انسانوں کو کرنا چاہیے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو طاقت کے استعمال اور میدان جنگ میں کسی کی جان لینے کے فیصلے پر انسانی اختیار ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شہریوں کی ہلاکت یا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری محض الگورتھم پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خودکار مہلک روبوٹس کا مستقبل میں کوئی مقام نہیں ہونا چاہیے۔انتونیو گوتریش نے مہلک خودمختار ہتھیاروں کے نظام سے متعلق قانونی طور پر پابند عالمی معاہدے پر مذاکرات فوری شروع کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت نے غلط معلومات کے پھیلاؤ میں تیزی پیدا کر دی ہے جبکہ تجارتی مفادات اور جغرافیائی سیاسی مسابقت کے باعث اس شعبے میں بے قابو دوڑ جاری ہے۔ اہم معدنی وسائل کے حصول کی مسابقت اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز میں توانائی اور پانی کے وسیع استعمال سے بھی ممالک اور مقامی آبادیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سلامتی کونسل کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ جدید ٹیکنالوجیز کے حصول کی مسابقت بین الاقوامی امن و سلامتی کو نقصان نہ پہنچائے۔
اے آئی کے شعبے میں سب سے زیادہ صلاحیت رکھنے والے ممالک پر سب سے زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔انہوں نے غلط اندازوں اور کشیدگی کو بحران میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے فوری طور پر اعتماد سازی کے اقدامات اور ممالک کے درمیان براہ راست رابطے کے ذرائع قائم کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ممالک اور کمپنیوں کے ہاتھوں میں طاقت کا ارتکاز بھی پوری دنیا کے لیے باعث تشویش ہونا چاہیے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



