پشاور۔ 21 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ فروغ دیا جائے گا اور تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے، دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو چارسدہ میں منعقدہ نیزہ بازی میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں نیزہ بازی کے مقابلوں کا دائرہ پورے خیبرپختونخوا تک بڑھایا جائے گا، نیزہ بازی سمیت نوجوانوں کیلئے دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک جنگ جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ایک پُرامن صوبہ پی ٹی آئی حکومت کے حوالے کیا گیا تھا جبکہ آج صوبے کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں اور وہ ان کا احترام کرتے ہیں، اگر مولانا فضل الرحمان کو سیکیورٹی تھریٹ ہے تو انہیں لازمی سیکیورٹی فراہم کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر راج کے نفاذ کے بعد عوام کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں تیزی آئی ہے، سونے کی غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی بھاری رقم افغانستان منتقل کی جا رہی تھی اور یہ رقم پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھی، اب صوبے میں غیر قانونی مائننگ کی اجازت نہیں دی جائے گی، مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو خیبر پختونخوا میں مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے تاکہ اس شعبے کو قانونی دائرے میں لا کر صوبے کے وسائل سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



