اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ممتاز قومی پروفیسر ایوارڈ 2026 کیلئے سرکاری و نجی شعبے کی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اہل پروفیسرز سے نامزدگیاں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق بی پی ایس 20 اور 21 کے پروفیسرز اور مستقل تقرری کے حامل پروفیسرز اس ایوارڈ کیلئے نامزدگی کے اہل ہوں گے۔ ایچ ای سی کے مطابق نامزدگی کا عمل ایچ ای سی کے مقررہ فریم ورک کے تحت مکمل کیا جائے گا جبکہ نامزدگی فارم، سرٹیفکیٹ اور ایوارڈ کا فریم ورک ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل نامزدگی دستاویزات پر مشتمل ڈوزیئر کی ہارڈ کاپی جس میں تحقیقی کام اور دیگر متعلقہ مواد شامل ہو، جمع کرائیں۔ تحقیقی کارکردگی کو ویب آف سائنس، سکوپس، گوگل سکالر اور دیگر قابل تصدیق ذرائع سے جانچا جا سکے گا۔ مکمل ڈوزیئر کی سافٹ کاپی بھی جمع کرانا ہوگی۔ ایچ ای سی کے مطابق جامعات کو مکمل نامزدگی ڈوزیئر 3 نومبر 2026ء تک ڈائریکٹر جنرل (اکیڈمکس)، ہائر ایجوکیشن کمیشن، سیکٹر ایچ-8/1، اسلام آباد کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔ایچ ای سی نے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیکلٹی ارکان میں اس موقع کو وسیع پیمانے پر اجاگر کریں تاکہ اہل پروفیسرز اس قومی اعزاز کیلئے نامزدگی کے عمل میں حصہ لے سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



