استور، 28 نومبر (اے پی پی):چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ارشد مجید مہمند نے کہا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے وقار، حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانا ایک پرامن، جامع اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ سرکاری اداروں، ترقیاتی تنظیموں اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر اشتراکِ عمل کے ذریعے سماجی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ہاشو فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ملک گیر مہم ’’دخترانِ پاکستان‘‘ کے تحت صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے اور 16 روزہ آگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے خواتین کو بااختیار بنانے، جامع اور معیاری تعلیم کے فروغ، سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کمزور اور پسماندہ طبقات کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ہاشو فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔قریب میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیچ، ہاشو فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیرا ہاشوانی، سیکریٹری اعلیٰ، فنی و خصوصی تعلیم راجہ رشید علی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



