اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے ’ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام‘ کے تحت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ہیپاٹائٹس سی کی مفت سکریننگ، تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے ان دونوں خطوں میں مفت طبی خدمات تک رسائی میں توسیع ہوئی ہے۔وزارتِ قومی صحت کے حکام کے مطابق اس اقدام کے تحت گلگت بلتستان میں تین اور آزاد جموں و کشمیر میں 6کریننگ مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ رہائشیوں کو مفت ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی ہو۔
وزارتِ قومی صحت نے رہائشیوں کو مشورہ دیا ہے کہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے قریبی سکریننگ مراکز سے رجوع کریں۔ وزارت نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ ان معلومات کو اپنے خاندانوں اور برادریوں میں پھیلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔اس پروگرام کے تحت، اہل مریضوں کو مفت ابتدائی سکریننگ، تقریباً 8,000 روپے مالیت کے پی سی آر تشخیصی ٹیسٹ اور 34,000 سے 68,000 روپے تک کی لاگت والا علاج، مکمل طور پر مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ہیپاٹائٹس سی صحت عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے، جو دنیا بھر میں تقریباً 60 ملین اور پاکستان میں تقریباً 11 ملین افراد کو متاثر کر چکا ہے۔
یہ انفیکشن آلودہ خون، غیر محفوظ انجیکشنز اور استعمال شدہ شیونگ بلیڈز کے ذریعے پھیل سکتا ہے۔ اگر اس کا بروقت علاج نہ کرایا جائے تو یہ جگر کی سنگین پیچیدگیوں، بشمول جگر کے کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔وزارت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی قابلِ علاج مرض ہے۔ ابتدائی سکریننگ، بروقت تشخیص اور علاج کا مکمل کورس سنگین پیچیدگیوں کو روکنے اور بیماری کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
حکام نے کہا کہ رہائشی سکریننگ مراکز اور علاج کی سہولیات کے بارے میں مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1166 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں اس پروگرام کے آغاز کے بعد اب اسے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر تک بڑھایا گیا ہے۔ حکومت ’ہیپاٹائٹس سی سے پاک پاکستان‘ کے اپنے عزم کے تحت، ملک بھر میں مفت سکریننگ، تشخیص اور علاج کی خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



