قصور۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع قصور میں قومی شناختی کارڈ سے محروم خواتین کو مفت شناختی کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ مہم کا باقاعدہ آغاز یکم نومبر سے ہوگا
۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی و وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ملک رشید احمد خاں ایڈووکیٹ، رکن صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں ایڈووکیٹ، صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصور خالد رشید سمیت مختلف سرکاری اداروں کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔اس خصوصی مہم کے تحت ضلع قصور کی ایسی خواتین جو تاحال قومی شناختی کارڈ سے محروم ہیں، انہیں شناختی کارڈ اور ضروری دستاویزات کے حصول کے لیے مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
خواتین کی آسانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ضلع کی چاروں تحصیلوں قصور، پتوکی، چونیاں اور کوٹ رادھا کشن میں قریبی مراکز پر رجسٹریشن اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کریں گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ہر اہل خاتون کو قومی شناختی کارڈ کی فراہمی کے ساتھ ان کی ووٹر رجسٹریشن یقینی بنانا اور جمہوری عمل میں خواتین کی مؤثر شرکت کو فروغ دینا ہے۔
وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ملک رشید احمد خاں ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی شناختی کارڈ ہر شہری کی بنیادی شناخت اور قومی و جمہوری حقوق تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔ خواتین کو شناختی دستاویزات کی فراہمی درحقیقت انہیں بااختیار بنانے اور قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



