چنیوٹ۔ 02 نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر لالیاں میڈم حبیبہ بلال نے ونوکہ میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا۔ ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے میڈم حبیبہ بلال نے ونوکہ میں مختلف گوداموں پر چھاپے مارے، جہاں بڑی مقدار میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم برآمد ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ذخیرہ کی گئی گندم کو سرکاری تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا اور ذخیرہ اندوزوں کو سخت وارننگ جاری کی۔
اس موقع پر میڈم حبیبہ بلال کا کہنا تھا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی تحصیل انتظامیہ لالیاں کی اولین ترجیح ہے اور اس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



