پشاور۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے نوشہرہ کے علاقے پناکوٹ تحصیل پبی میں اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ عادل وسیم کے زخمی ہونے پر افسوس ہے، زخمی اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، زخمی اسسٹنٹ کمشنر کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 نوشہرہ کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور طبی امداد قابلِ تحسین ہے، عوام اور سرکاری ملازمین کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کےلیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



