لاہور۔22نومبر (اے پی پی):فاسٹ بالر محمد عباس نے پی سی بی پوڈکاسٹ کے پروگرام سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ میں شرکت کے دوران سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی کارکردگی، فٹنس اور نوجوان بالرز کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آٹھ وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ وہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
محمد عباس کا کہنا تھا کہ اپنی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ٹیم کو بھی کامیابی ملی، جس سے انہیں زیادہ خوشی ہوئی۔ اس سیریز کے بعد وہ اپنی فٹنس پر مزید کام کریں گے اور اگلی ٹیسٹ سیریز سے چار ہفتے قبل بالنگ کا آغاز کریں گے۔فاسٹ بالر نے ثاقب خان اور رضااللہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے سری لنکا کے خلاف بہت اچھی بالنگ کی۔ رضااللہ نوجوان بالر ہے اور تمام نصیحتوں پر عمل کرتا ہے۔ امید ہے کہ ثاقب خان اور رضااللہ پاکستان کے لیے طویل عرصے تک کرکٹ کھیلیں گے۔
محمد عباس نے نوجوان کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ چار روزہ کرکٹ کھیلیں، کیونکہ اس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔ نوجوان کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ کے ذریعے اپنی وائٹ بال اسکلز کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ محمد عباس2026 میں ٹیسٹ کرکٹ میں39 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


