اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ڈیرہ اسماعیل خان کے قریشی موڑ، بائی پاس روڈ پر فرائض کی انجام دہی کے دوران انفورسمنٹ سکواڈ کے دو اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے منگل کویہاں جاری بیان کے مطابق ایف بی آر کے مطابق انفورسمنٹ سکواڈ کے تین اہلکار سپاہی اظہار اللہ، آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان تقریباً ساڑھے گیارہ بجے مقررہ مقام پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچے اور اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں آرم گارڈ رحمت اللہ اور سپاہی سلیمان شہید ہوگئے جبکہ سپاہی اظہار اللہ محفوظ رہے۔ سپاہی اظہار اللہ نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی جس کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ حملہ آور سکواڈ کے اہلکاروں کو جاری کیے گئے سرکاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی اپنے ساتھ لے گئے۔چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے شہید اہلکاروں کی جرات، فرض شناسی اور قومی خدمت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ایف بی آر اہلکاروں کی دی گئی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ایف بی آر نے کہا ہے کہ ادارہ اپنے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ اور ملک و قوم کی خدمت میں فرائض انجام دینے والے تمام اہلکاروں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



