کوئٹہ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں کیڈٹ کالجز کی تعداد بڑھانے کے بجائے موجودہ کیڈٹ کالجز کے معیار اور کارکردگی کو ملک کے بہترین کیڈٹ کالجز کے معیار کے مطابق لانے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مزید طلبہ کیلئے گنجائش پیدا کرنے اور ان پر تعلیمی فیس کا اضافی بوجھ ڈالنے کے بجائے ہماری ترجیح موجودہ کیڈٹ کالجز کے اساتذہ اور زیرِ تعلیم کیڈٹس کو بہتر سہولیات، معیاری تعلیم اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔
کیڈٹ کالجز کی تمام انتظامی، تدریسی اور بنیادی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے کیڈٹ کالجز کے بورڈ آف گورنرز کا 19ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کیڈٹ کالجز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی (آن لائن)، وزیراعلیٰ کی مشیر ربابہ بلیدی، رکن صوبائی اسمبلی دستگیر بادینی، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ہاشم خان غلزئی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، ایڈیشنل سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی رحمت چنگیزی، تمام کیڈٹ کالجز کے پرنسپل صاحبان، فنانس اور پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے سمیت آفتاب بزدار بھی موجود تھے۔
مذکورہ اجلاس میں بلوچستان کے بارہ کیڈٹ کالجز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ کیڈٹ کالجز کی کارکردگی، درپیش مشکلات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم کیڈٹ کالجز کے اساتذہ اور اسٹاف کو ملک کے بہترین کیڈٹ کالجز کے معیار کے مطابق بہترین سہولیات فراہم کرینگے تاکہ وہ پوری دلجمعی اور یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ملک کے ممتاز کیڈٹ کالجز کی طرز پر جدید اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کیے جائینگے جن میں جِمز اور کھیلوں کیلئے معیاری گراؤنڈز شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کانووکیشن ہالز تعمیر کیے جائیں گے جبکہ طلبہ اور اسٹاف کیلئے موثر ٹرانسپورٹ اور فول پروف سکیورٹی کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔
گورنر مندوخیل نے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو بھی ہدایت کی وہ کیڈٹ کالج کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ایک کیڈٹ کالج کو جس مقصد کے تحت بنایا جاتا ہے اسی ٹارگٹ کو پورا کرنے کیلئے ہمیں تمام دستیاب وسائل کو متحرک کیے جا رہے ہیں تاکہ کیڈٹ کالج کا اپنا امتیاز برقرار رہے۔ گورنر مندوخیل نے اپنے بنیادی ڈھانچے کی توسیع میں اور خاص طور پر کیڈٹس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مزید کلاس رومز، ہاسٹل کا قیام، اسپورٹس کمپلیکس، سیکورٹی کے انتظامات اور میڈیکل سہولیات فراہم کرنے میں بھی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی. ہم آج کے بورڈ آف گورنرز کی پیشرفت کو مزید آگے بڑھائیں گے تاکہ تمام کیڈٹ کالجز کی دیرپا ترقی مستقل بنیادوں پر آگے بھی جاری و ساری رہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



