بنکاک۔21نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کا دورہ تھائی لینڈ کے موقع پر پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر تھائی لینڈ میں پاکستان کی سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا، جس میں تھائی لینڈ-پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کی انتظامی کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی تھائی لینڈ کی سینیٹ کے صدر مونگکول سوراساجا سے اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ، دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، ثقافتی تبادلوں، سیاحت کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کا اہم سنگ میل قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمانی دوستی گروپوں کے ذریعے پارلیمانی تعاون کو مزید مؤثر اور مستحکم بنایا جائے، جبکہ آسیان ممالک کے ساتھ روابط کو فروغ دے کر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جائیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔پاکستانی سفیر کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے دوران بھی شرکاء نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دونوں ممالک کو مزید قریب لانے، باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی روابط مستحکم بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ کی یہ اہم سفارتی سرگرمیاں پاکستان کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ پارلیمانی سفارت کاری کو ادارہ جاتی تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون میں اضافے اور مشترکہ علاقائی و بین الاقوامی مفادات کے حصول کے لیے ایک مؤثر ذریعہ بنایا جائے۔دورہ تھائی لینڈ کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں، سفارتی سرگرمیوں اور تبادلۂ خیال سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کو مزید مستحکم بنانے، دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور باہمی مفاد و علاقائی خوشحالی کے لیے شراکت داری کے نئے امکانات پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی توثیق ہوئی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



