راولپنڈی۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق ’’النگ اسٹرائیک تھری‘‘ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ مشق کا آغاز 9 نومبر 2026 کو ہوا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دوطرفہ مشترکہ مشق کا تیسرا ایڈیشن تھا، جس میں دونوں ممالک کی افواج نے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں اپنے تجربات کا تبادلہ کیا اور آپریشنل مشقوں، طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے اور جنگی مہارتوں میں اضافے پر توجہ مرکوز کی۔
مشق کے دوران باہمی تربیت، تجربات کے تبادلے اور بہترین عملی طریقہ کار سے استفادہ کرتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشترکہ مشق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی عکاس ہے، جبکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



