پشاور۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں جاری شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز میں پودا بھی لگایا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے سمیت متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی اور وفاقی وزیر کو جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے میں 20 سال کی تاخیر پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور جیسے صوبائی دارالحکومت میں بائی پاس کے منصوبے کودودہائیاں لگنا انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومتی فنڈنگ اور من و سلوی کے انتظار میں ایسے اہم منصوبے کی تکمیل کے لیے 20 سال انتظار کرنا کس کے نقصان کا باعث ہے؟ لہذا ایسے منصوبوں میں طویل تاخیر کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جس کے لئے ہمیں ادارہ جاتی خود احتسابی بھی کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے نے ناردرن بائی پاس کے لیے 5 ارب روپے فراہم کیے ہیں جس کے بعد یہ منصوبہ تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے، این ایچ اے کے اپنے وسائل میں اضافہ ہوا ہے تو اب ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بھی شروع ہو گئی ہے جو خوش آئند ہے۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ جہاں نئے ٹول پلازے قائم کیے جائیں وہاں شہریوں اورمسافروں کو بہتر شاہراہوں،معیاری ریسٹ ایریاز اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کرنا ہوں گی، ٹول ٹیکس کی وصولی کے ساتھ عوام کو سہولت دینا بھی ہماری ذمہ داری ہے، اگر شہریوں کو فائدہ اور بہتر سفری سہولیات نہیں ملیں گی تو ٹول ٹیکس وصول کرنے کا جواز بھی نہیں بنتا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہراہیں اچھی ہوں، ریسٹ ایریاز بہترین سہولیات سے آراستہ ہوں اور سفر آسان و محفوظ ہو تو لوگ بھی بخوشی ٹول ٹیکس ادا کریں گے، عوام کو واضح طور پر محسوس ہونا چاہیے کہ این ایچ اے ان کی سہولت، آسان سفر اور بہترانفراسٹرکچر کے لیے کام کر رہی ہے جہاں ٹول کی سہولت اور وصولی کا نظام قائم ہو وہاں مزید نئی سڑکوں کی تعمیر اورمسافروں کے لیے سہولیات کی بہتری بھی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں پشاور ناردرن بائی پاس منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ منصوبے کا آغاز 2009 میں ہوا جبکہ 2017 میں اسے ری ڈیزائن کیا گیا۔ منصوبے کا تقریباً 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے جنوری میں مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
C:msc-usd/P:msc/L:sak/E:sak/I:zri/R:zri
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



