اسلام آباد/فیصل آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انہوں نے فیصل آباد کے عوام کا 30 سال سے زیر التوا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے اور فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں کی ایم 4 موٹروے کو 4 سے 6 لین میں تبدیل کرنے کے 53 کلومیٹر طویل توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ وزارت مواصلات کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ موٹروے ایم 4 کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا جہاں دونوں اطراف درخت لگانے کے ساتھ ساتھ موٹروے کے درمیان میں گرین بیلٹ اور کھجور کے پودے لگائے جائیں گے جب کہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد سفر کرنے والوں کے لیے ریسٹ ایریاز بھی بنیں گے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے ایم 4 کی بروقت تکمیل یقینی بنا کر فیصل آباد کے عوام کو نئے سال کے آغاز پر جدید موٹروے کا تحفہ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد پنڈی بھٹیاں موٹروے ایم 4 کے توسیعی منصوبے کے کمال پور انٹرچینج پر دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایم 4 موٹروے کی توسیع سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی، سفر زیادہ محفوظ اور آسان ہوگا اور حادثات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ موٹروے پولیس کے متعدد جوانوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، اس منصوبے کا ایک اہم مقصد مسافروں اور موٹروے پولیس اہلکاروں کے لیے محفوظ سفری سہولیات یقینی بنانا ہے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے اور تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے،جب منصوبے کے تمام فنڈز این ایچ اے نے اپنے وسائل سے فراہم کیے ہیں تو کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔عبدالعلیم خان نے مزید ہدایت کی کہ شاہراہ کی تزئین و آرائش کو جدید تقاضوں کے مطابق یقینی بنایا جائے اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ایم 4 موٹروے پر مکمل لائٹنگ کا انتظام کرنے اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایک ہفتے کے اندر ریسٹ ایریاز کے ڈیزائن حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے افسران کی تسلی بخش کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔چیئرمین این ایچ اے، این ایل سی اور دیگر تعمیراتی کمپنیوں کے سینئر حکام نے وفاقی وزیر کو منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم 4 موٹروے کا توسیعی منصوبہ3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس پر این ایل سی اور دیگر تعمیراتی ادارے کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام تعمیراتی مراحل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
دریں اثناء فیصل آباد دورے کے موقع پر وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کے اعزاز میں سابق صوبائی وزیر اور سینئر پارٹی رہنما چوہدری ظہیر الدین نے اپنی رہائش گاہ پر ان کے اعزاز میں استقبالیہ دیاجہاں فیصل آباد سے سابق ایم پی اے چوہدری اختر علی، استحکام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری جنرل و صوبائی وزیر میاں خالد محمود، صدر پنجاب رانا نذیر احمد خان، صوبائی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور نئے صوبوں کے قیام اور ملکی مسائل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



